:::::: محبتءِ رسول صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کا تقاضا :::::::

الحَمدُ لِلَّہِ وَحدَہُ و الصَّلاۃُ و السَّلامُ عَلیٰ مَن لا نَبِيَّ وَ لا مَعصُومَ بَعدَہُ ، وَ عَلیٰ آلہِ وَ ازوَاجِہِ وَ اصَحَابِہِ وَ مَن تَبعَھُم باِحسَانٍ اِلیٰ یَومِ الدِین،
خالص اور حقیقی تعریف اکیلے اللہ کے لیے ہے ، اور اللہ کی رحمتیں اور سلامتی ہو محمد پر جِن کے بعد کوئی نبی اور معصوم نہیں ، اور اُن صلی اللہ علیہ وسلم کی آل پر ، اور مقدس بیگمات پر اور تمام اصحاب پر اور جو اُن سب کی ٹھیک طرح سے مکمل پیروی کریں اُن سب پر ،

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے مُحبت کا تقاضا اُن صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کی مکمل تابع فرمانی ہے اور اپنی زندگی کے ہر پہلو اور ہر معاملے کو اُن صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کی سُنّت سے مُزین کرنا ہے ، صِرف مُحبت ءِ رسول صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کا دعویٰ یہ تقاضا پورا نہیں کرتا، بلکہ اُن صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کے ہر ایک حکم کو اسی طرح ماننا اور اس پر عمل پیرا ہونا ہے جس طرح اُن صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کی مراد تھی ،نہ کہ اپنی عقل و خِرد کی قلابازیوں میں پیدا ہونے والی تاویلات کے مطابق ، محبت کا کوئی دعویٰ فائدہ نہیں دیتا جب تک کہ اس کی سچائی کی گواہی مُدعی کےعمل سے میسر نہ ہو، دیکھیے کہ ہمارا دعویٰ ءِ مُحبت کی موافقت میں ہمارے اعمال کیا ہیں ؟

سُنیئے کہیں آپ بھی تو ایسی باتیں کرنے والوں میں سے نہیں،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے اور یہ بھی سُن رکھا کہ اُن صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم نے نماز کو اپنی آنکھوں کی ٹھنڈک فرمایا ہے ،لیکن، باقاعدگی سے نماز پڑہنا بہت مشکل ہے بہت کام کاج ہوتے ہیں ،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، موسیقی اور گانے سننے میں کوئی حرج نہیں ،بلکہ میں تو موسیقی اور گانوں کے لحن و تال پر اُن صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کی نعت پڑھ یا سُن کر اپنی مُحبت کا ثبوت دیتا ہوں،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، ٹی وی میں خبریں دیکھنا ضروری ہے ، ریڈیو پر سُن کر خبر نہیں ملتی ، ڈرامے بہت تعمیری ہوتے ہیں ، معاشرتی مسائل اور خرابیوں کی نشاندہی کرتے ہیں ، فلموں میں بھی معاشرتی برائیوں کی خبر دے کر اصلاح کی تربیت دی جاتی ہے ، میری نیت ہر گز بری نہیں ہوتی ،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، راہ چلتے نظر اِدھر اُدھر ہوتی ہی رہتی ہے ، اورخوب خبر گیری کے بعد ہی پلٹتی ہے ، آخر اِرد گِرد کی خبر بھی تو رکھنی ہی ہوتی ہے ،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، کاروبار میں تھوڑا بہت جھوٹ بولنا ہی پڑتا ہے ، ورنہ خسارہ ہو جائے گا،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، کھڑے ہو کر کھانے پینے میں کیا حرج ہے ،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، خوشی کے اظہار کے لیے ، کِسی کو شاباش دینے کے لیے تالیاں اور سیٹی بجانے میں کوئی مسئلہ نہیں ،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، بلا عُذر و جبر تصویریں کھینچنے کھنچوانے ، گھر ،کاروبار کی جگہ ، گاڑی وغیرہ میں تصویریں اور مجسمے سجانے کا اِس مُحبت سے کیا واسطہ ،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، دِین میں کوئی نئی عِبادت یا عقیدہ بنانے کا حق دار اوروں کو بھی سمجھتا ہوں ،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، یہ بھی مانتا ہوں کہ وہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم شریعت کے کچھ حُکم خُفیہ طور پر کچھ خاص لوگوں کو دے گئے ہیں ، اور یہ اُن کی امانت داری پر الزام نہیں ،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، یہ بھی مانتا ہوں کہ اُن صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کی صفات اللہ کی صفات جیسی ہیں ،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، قُران کی کمائی بھی کھاتا ہوں ،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، کافروں کی دیوالی کی طرح عِبادت سمجھ کر چراغاں بھی کرتا ہوں
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، کافروں کی طرح دُنیاوی زندگی کی ذمہ داریاں ترک کر کے رہبانیت اختیار کرنا بھی دُرست سمجھتا ہوں
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، اُن صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کے حُکم کے مُطابق پوری صحیح داڑھی رکھنا مشکل ہے لوگ اور خاص طور پر غیر مُسلم اچھی نگاہ سے نہیں دیکھتے ، رشتے ملنے میں بھی مشکل ہوتی ہے ،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، اپنی گھر کی عورتوں کو پردہ نہیں کروا سکتا لوگ دقیا نوسی کہیں گے ، بلکہ میں تو دینی محفلوں میں جا کر اپنی مُحبت کا ثبوت دیتا ہوں ، کیا ہوا جو میرے گھر کی خواتین آدھے بازو یا بغیر بازو والے لباس میں باہر جاتی ہیں ، دِین اپنی جگہ اور دُنیا اپنی جگہ ،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، کافروں جیسا حلیہ اپنانا نہیں چھوڑ سکتا لوگ قدامت پرست کہیں گے ،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، کافروں کی معیشت ، اور حرام سے ملوث معاشرت اور معیشیت نہیں چھوڑ سکتا لوگ بُنیاد پرست کہیں گے ،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، بات تو کرنی ہی ہوتی ہے لوگوں کی خرابیاں اور خامیاں بتانا ہی پڑتی ہیں ، جو میری جماعت ، مذہب ، مسلک نے کہا وہ حق ہے اُس کی تبلیغ و اشاعت کرنا ہی ہوتی ہے ، اور مخالفین پر فتوے لگانے ہی پڑتے ہیں ،اور جہاں اور جیسا موقع ملے ان کی آواز کو دبانا ہی پڑتا ہے ،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، اپنے مذہب ، مسلک ، جماعت ، گروہ کی تابع فرمانی نہیں چھوڑ سکتا لوگ غیر مُقلد کہیں گے ،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، اُن صلی اللہ علیہ وسلم کے دِین کے خِلاف اُن کی اُمت کے خِلاف کام کرنے والوں کے خِلاف جہاد کا نام بھی نہیں لینا چاہتا ، لوگ دہشت گرد کہیں گے،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، میں پردہ کر کے پردے کی بَو بَو نہیں کہلانا چاہتی ، نقاب اوڑھ کر ننجا نہیں کہلانا چاہتی ،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، بغیر کسی ضرورت کےاور نرم نرم اندازو اطوار میں غیر محرموں کے ساتھ بات چیت کرنے ، کام کاج کرنے میں کیا حرج ہے ،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، کافر ،یا بازاری عورتوں جیسا حلیہ بنانے کا اِس مُحبت سے کیا واسطہ ،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، مَردوں کی نقالی کرنے میں کیا مسئلہ ہے ،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، چادر اور چار دیواری کی "قید" گواراہ نہیں ،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، اپنی آزادی اور مَردوں سے برابری کا " حق " کھونا نہیں چاہتی ،
::: مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، اگر خریداری کرتے ہوئے کچھ لوچ دار گفتگو کر کے ، کچھ ناز و انداز دِکھا کر کچھ پیسے بچا لیتی ہوں تو اِس مُحبت پر کیا فرق پڑتا ہے ،
::: ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، اُنکی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خِلاف کچھ نہیں کہہ سکتے کیونکہ اب زمانہ '''آزادیِ رائے ''' کا ہے ،
::: ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت ہے ، لیکن ، اُن صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کی شان میں گُستاخی کرنے والے کافروں اور اُن کافروں کی حمایت کرنے والوں سے تجارت بند نہیں کر سکتے ، کیونکہ اِس طرح شاید اُن گُستاخ کافروں سے زیادہ نُقصان مُسلمان تاجروں یا اُن کی تجارت سے مُنسلک مُسلمانوں کو ہو ،
آج کھربوں مُسلمانوں میں لاکھوں تاجر ہیں ، اور اِن میں سے چند سو ہی ایسے ہیں جِنہوں نے علی الاعلان یہ کہہ کر ڈنمارک کی مصنوعات کی تجارت بند کر دی ، کہ ہمارے رسول صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کی شان میں گُستاخی کرنے والوں سے ہم کوئی تعلق نہیں رکھیں گے ، اُنہوں نے یہ سوچا کہ ہمیں کتنا نُقصان ہو گا ، یہ نہیں کہا کہ مُسلمان تاجروں اور اُن کی تجارت سے مُنسلک مُسلمانوں کو شاید اُن گُستاخ کافروں سے زیادہ نُقصان ہو لہذا تجارتی قطع تعلق کوئی فائدہ مند کام نہیں ، وہ لوگ پھر بھی ہماری نظر میں گُستاخ ، اور ہم ٹیلی نور کے اشتہارات میں اپنی ہی بہنوں بیٹیوں کا ناچ دیکھ دیکھ بھی ''' مُحبانِ رسول صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم ''' ،
یہ حال ہے ہماری مُحبتءِ رسول صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کا ، تو کیا حق ادا کر رہے ہیں ہم اُن صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کا ؟؟؟

اور کیا حق ہے ہمیں اُن صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے محبت کے دعویٰ کا ؟؟؟


0 تبصرے:

تبصرہ کریں ۔۔۔